عمران نیازی نے سٹیٹ بینک سمیت اکثر اداروں کو آئی ایم ایف کے حوالے کردیاہے، مولانا عبدالواسع
کوئٹہ: جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ عمران نیازی اور ان کی حکومت نے اعتراف کرلیا کہ آئی ایم ایف کو خوش کرنے کیلئے وہ قومی سٹیٹ بینک کو بھی دا پر لگانے کیلئے تیارہے،جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اب موجودہ حکمرانوں کو ایسا کسی صورت بھی نہیں ہونے دیں گی،نیازی نے ملک کو تباہی و بربادی سے دوچار کردیااب اس ملک کو دوبارہ ٹریک پر لانے کیلئے مزید ستر سال لگیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علما اسلام کے سنیئر اراکین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالواسع نے کہاکہ جمعیت علما اسلام نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور کرتے رہیں گے سلیکٹڈ حکمرانوں نے پارلیمان کو بائی پاس کرکے تمام تر معاملات کو صدارتی آرڈنینس کے ذریعے چلانے پر بضد ہے جس کی وجہ سے آج ملک کی وقار اور سلامتی تباہی و بربادی سے دوچار ہے اگر حکمرانوں نے ہوش کا ناخن نہ لیا تو اس ملک دیوالیہ کو دیر لگنے میں وقت نہیں لگے گا اور جس طرح حکمرانوں نے اعتراف کیا کہ آئی ایم ایف کی شرائط کو ماننے کیلئے کچھ بھی کرنا پڑیگا یعنی اب ایسا لگ رہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو سودا کردیااور اگر یہی حکمران رہے تو یہ ملک ملک نہیں رہے گا بلکہ اس کو صومالیہ سے بھی بدتر کرے گا اب بھی وقت ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ملک کی معاشی حالات اور قومی اداروں کو بچانے کیلئے میدان عمل میں نکلیں جمعیت علما اسلام نے شروع دن سے موجودہ حکمرانوں کو تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ اگر بروقت انتخابات ہو جائے تو موجودہ حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی انہوں نے کہاکہ آج قومی سٹیٹ بینک سمیت اکثر اداروں کو آئی ایم ایف کے حوالے کردیا اور آج بھی حکمران ان سے قرضے سے مزید ملک کو ڈوبنے کی طرف لے جانے کی کوشش کررہے ہیں۔


