پی ڈی ایم کا اجلاس 25جنوری کو طلب

اسلام آباد : سٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات اور 23مارچ کو لانگ مارچ کی تیاریوں پر غور کے لئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اجلاس 25جنوری بروز منگل طلب کرلیا گیا، اجلاس میں خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق حکمت عملی اور الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کی فارن فنڈنگ پر سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ ،پارلیمان کے اندر حکمت عملی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاجائیگا۔پیر کو ترجمان پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے مطابق پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس 25جنوری بروز منگل دن 3بجے طلب کیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں سٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات اور 23مارچ کو لانگ مارچ کی تیاریوں پر غور کیا جائے گا،سربراہی اجلاس میں سربراہ فضل الرحمان اور میاں شہباز شریف کی ملاقات میں ہونے والے فیصلوں اور شہباز شریف کی چیئرمین پیپلز پارٹی کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں پر بھی آگاہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے لانگ مارچ کے اعلان، خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق حکمت عملی اور الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کی فارن فنڈنگ پر سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کا بھی غور کیا جائے گا، پی ڈی ایم اعلامیہ کے مطابق پارلیمان کے اندر حکمت عملی کے حوالے سے بھی گفتگو ہو گی۔(اح+م ا)

اپنا تبصرہ بھیجیں