ایرانی قونصل جنرل حسن درویش وند کی اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈوکیٹ سے ملاقات

کوئٹہ (انتخاب نیوز)کوئٹہ میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند نے ہمسایہ صوبوں کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
قونصل جنرل نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں صوبائی اسمبلی کے کردار کی اہمیت اور ہمسایہ صوبوں کے درمیان روابط بڑھانے پر زور دیا۔ یہ بات انہوں نے منگل کے روز کوئٹہ میں بلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنما ملک اسکندر خان ایڈوکیٹ سے ملاقات کے دوران کہی ۔
اس ملاقات میں پاک-ایران تعلقات، سرحدی تعاملات، تجارت اور کاروبار بالخصوص دو ہمسایہ صوبوں ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان اور پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے درمیان تعاون سے متعلق مسائل اور معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی قونصل جنرل نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے بالخصوص دونوں ممالک کی سرحدوں پر معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں صوبائی اسمبلی اور عوامی نمائندوں کے کردار اور تجارتی اور ثقافتی شعبوں میں تعلقات کو بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان صوبائی اسمبلی ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات اور سرحدی تجارت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
بلوچستان صوبائی اسمبلی کی اپوزیشن لیڈر نے ایران کے قونصل جنرل اور قونصل خانے کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے صوبے کی تاجر برادری کو سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی صوبائی اسمبلی ایران اور پاکستان اور دونوں ممالک کے سرحدی صوبوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور روابط بڑھانے کی تمام کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے سرحدی باشندوں کی خوشحالی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ سرحدی تجارت کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا "ایران کے ساتھ تجارت سرحدی باشندوں کے ذریعہ معاش کا ایک بنیادی وسیلہ ہے اور اسمبلی تجارت کو آسان بنانے کردار ادا کرتی رہے گی”۔ ملک سکندر نے تجارت کو آسان بنانے میں قونصل جنرل اور ان کے ساتھیوں کے نمایاں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے تعاون سے تمام رکاوٹوں کو دور کرنے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں