سعودی عرب سے پاکستان آکر لاپتہ ہونے والی فیملی کیس میں اہم پیشرفت
گوجرانوالہ: سعودی عرب سے پاکستان آکر لاپتہ ہونے والی فیملی کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی، پولیس نے لاپتہ ہونے والی فیملی کی کار نجی ہاوسنگ سوسائٹی کے فلیٹ کی پارکنگ سے برآمد کر لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب سے پنجاب کے شہر سرائے عالمگیر کے نواحی علاقے فاروق ٹان آنے کے بعد خاتون اپنے 4 بچوں سمیت پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی، خاتون بچوں کو لے کر جس کار میں گھر سے نکلی پولیس نے وہ کار برآمد کرلی ہے، گاڑی نجی ہاوسنگ سوسائٹی کے فلیٹ کی پارکنگ سے ملی جس کی فرنٹ نمبر پلیٹ کو اسٹیکر لگا کر چھپایا گیا تھا۔بتایا گیا ہے کہ پولیس تھانہ سٹی نے موقع پر پہنچ کر گاڑی کو قبضہ میں لے لیا اور نجی ہاوسنگ سوسائٹی کی سی سی کیمرے کی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہے، متاثرہ فیملی کے فلیٹ کی مختلف پہلو سے پولیس تحقیقات کررہی ہے، اس ضمن مین اب تک ہونے وال تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ لاپتہ فیملی کا نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں اپنا فلیٹ تھا، تاہم وہ اپنے فلیٹ میں گئے یا انہیں کوئی اور وہاں لے کر آیا اس حوالے سے کچھ بھی کہنا ابھی قبل از وقت ہے۔خیال رہے کہ سعودی عرب سے آئی خاتون سائرہ اپنی 2 بیٹیوں اور 2 بیٹوں سمیت لاپتا ہوگئی ہے، پنجاب کے شہر سرائے عالمگیر کے نواحی علاقے فاروق ٹان کی رہائشی خاتون اپنے 4 بچوں سمیت پراسرار طور پر غائب ہوئی، اغوا ہونے والی خاتون اور چاروں بچے تین ہفتے قبل سعودی عرب سے آئے تھے، سرائے عالمگیر پولیس نے بتایا کہ سائرہ نامی خاتون اور اس کے بچے گھر سے کار پر شاپنگ کے لیے گئے تھے، ان کے گھر سے نکلنے کی سی سی ٹی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے، جس میں واضح طور پر خاتون اپنی فیملی کے ہمراہ گھر سے نکل رہی ہے، تاہم راستے میں پراسرار طور پر تمام افراد لاپتہ ہوگئے، جو ممکنہ طور پر اغوا ہوئے ہیں، اغوا ہونے والوں میں والدہ سائرہ،14 سالہ ابراہیم، 13 سالہ وردہ، 9 سالہ نرمین اور 6 سالہ محمد ارحم شامل ہے۔پولیس حکام کے مطابق بچوں کے والد کا بیان ہے کہ خاتون نے بچوں کے ساتھ گزشتہ روز واپس سعودیہ جانا تھا لیکن ایک دم سے سب لاپتہ ہوگئے، بچوں کے والد کی مدعیت میں ایک مشکوک شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔


