بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 13مختلف کھانے کے مراکز پر جرمانے عائد
کوئٹہ:بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیمیں ہفتہ اور اتوار کو بھی ناقص خوراک کے تدارک کیلئے سرگرم عمل رہیں۔ کھانے پینے کے مراکز کی چیکنگ کرتے ہوئے بی ایف اے کی دو مختلف ٹیموں نے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر زرغون روڈ و ملحقہ علاقے، مغربی بائی پاس اور اسپنی روڈ میں 7 ہوٹلوں و فوڈ پوائنٹس سمیت 13 مختلف مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے. فوڈ سیفٹی ٹیم کے مطابق فوڈ پوائنٹس میں پکوان کیلئے غیر معیاری و کھلا کوکنگ آئل، چائنیز نمک اور مضر صحت نان فوڈ گریڈ کلرز استعمال کیے جارہے تھے، دوسری جانب مغربی بائی پاس اور ائیرپورٹ روڈ میں واقع 3 کیٹرنگ یونٹس میں بھی کھانوں کی تیاری میں ناقص فوڈ کلرز اور ممنوعہ چائنیز نمک کا استعمال کیا جارہا تھا جبکہ صفائی کی صورتحال بھی ابتر تھی، 2 میٹ شاپس کے باہر مسلسل منع کرنے کے باوجود گوشت باہر گردوغبار میں لٹکا کر عوام کو فروخت کیا جارہا تھا، چیکنگ کرنے پر 1 بیکنگ یونٹ کی پروڈکشن میں ناقص اجزاء کی مکسنگ، بیکنگ مشینری آلودہ اور ورکرز کی صفائی کا برا حال پایا گیا جس پر مذکورہ تمام مراکز پر جرمانے عائد کیے گئے۔کوئٹہ شہر میں فروخت کیے جانے والے دودھ کے معیار کی جانچ کیلئے ” بی ایف اے کی موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری ” کے ذریعے مسجد روڈ اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں دکانوں سے سیمپل لیکر ٹیسٹ کیے گئے، موقع پر ٹیسٹ کرنے پر ایک ملک شاپ کا دودھ ملاوٹی نکلا جس کو کو فوری طور جرمانہ کیا گیاجبکہ دیگر 8 دکانوں کے نمونے کلیئر قرار دئیے گئے۔


