بلوچستان کی خواتین نے قوم کی عزت اور وقار میں اضافے کیلئے خدمات سر انجام دی ہیں، بشریٰ رند
کوئٹہ :پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و سماجی بہبود محترمہ بشریٰ رند نے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ آج خواتین کا عالمی دن صرف خواتین سے ہمدردی ظاہر کرنے کے لیے نہیں منایا جارہا بلکہ دربدر ہونے والی خواتین کو بااختیار بنانے کا بھی مقصد ہے جن کو معاشرہ تسلیم نہیں کرتا۔ صنفی امتیاز کے خاتمے سے مہذب معاشرہ قائم ہوگا، خواتین کا باوقار مقام بلوچستان عوامی پارٹی کا اصول ہے اور ہر شعبے میں خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔ انہوں ملک کی باصلاحیت خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے خواتین کو مثالی عزت، احترام، حقوق اور مقام عطا کیا، حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ہمیں خواتین کے حقوق اور احترام کا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی، انسانی اور تحریک پاکستان میں بھی خواتین نے تاریخی کردارادا کیا، پاکستان میں فیصلہ سازی سمیت ہر شعبے میں خواتین کا کردار اور تعداد بڑھنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین نے قوم کی عزت اور وقار میں اضافے کے لیے خدمات سر انجام دی ہیں۔ موجودہ صوبائی حکومت خواتین کی ہرجگہ حفاظت اور یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔اس سلسلے میں نہ صرف قانون سازی کے عمل کو تیز کیا جا رہا بلکہ خواتین کی سماجی بہبود کے لیے بھی جامع حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔


