کوئٹہ ،جمعیت کے کارکنوں نےمنان چوک کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بندکردیا
کوئٹہ:جمعیت علماءاسلام اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی کال پر کوئٹہ کے علاقے منان چوک پر جمعیت علماءاسلام کے کارکنوں کا احتجاجی مظاہرہ سڑک پر ٹائر جلاکر حکومت کے خلاف شدیدنعرے بازی کی ۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شب جمعیت علماءاسلام ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام کوئٹہ کے علاقے منان چوک پر اسلام آباد میں پارلیمنٹ لاجز پر پولیس کی کارروائی اور جمعیت اسلام کے ارکان قومی اسمبلی ،انصارالاسلام کے کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے ٹائر جاکرسڑک کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا اور حکومت کے خلاف شدیدنعرے بازی کی ۔اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماءاسلام کے رہنماوں مفتی روزی خان ،مولوی سرور موسیٰ خیل ،مولوی خورشید احمد،حاجی بشیرخان ،مولانامحب اللہ سمیت دیگر نے کہا کہ حکومت نے بوکھلاہٹ کاشکار ہوکر پارلیمنٹ لاجز پر حملہ کیا ہے جس سے پارلیمنٹ کا تقدس پامال ہوا جمعیت علماءاسلام کے رضاکاروں ،ارکان پارلیمنٹ کو دانستہ طور پر گرفتار کیا جارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس قسم کے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے پارٹی کی مرکزی قیادت کی اگلی کال تک ہمارا احتجاج جاری رہے گاجبکہ کارکنوں کو بھی پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جمعیت علماءاسلام کے گرفتار ارکان قومی اسمبلی اور کارکنوں کو رہا کیا جائے۔


