چینی اور آٹا مہنگا ہونے میں ہماری کوتاہی ہے, عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چینی اور آٹا مہنگا ہونے میں ہماری کوتاہی ہے اور میں اسے تسلیم کرتا ہوں ،اس کی تحقیقات ہو رہی ہے اور ہمیں معلوم ہوتا جارہا ہے کہ کن طبقوں نے مہنگائی کر کے فائدہ اٹھایا ہے ، جنہوںنے مہنگائی کر کے پیسہ بنایا ہے ان کو نہیں چھوڑیں گے ،مستقبل میں اس سے نمٹنے کے لئے طلب اور رسد کے حوالے سے میکنزم بنا رہے ہیں ،دیکھتے ہی دیکھتے مہینوں اور سالوں میں ملک تبدیل ہوگا اور اس کا سسٹم ٹھیک ہوگا ، یہاں رکاوٹیں ڈالنے والا جو مافیا بیٹھا ہے ان کو شکست دیں گے ،پھر کہتا ہوں کہ انشا اللہ پاکستان عظیم ملک بنے گا اور لوگ بیرون ممالک سے نوکریاں ڈھونڈنے پاکستان آئیں گے ،پنجاب میں سرکاری ہسپتالوں میں اصلاحات کا کام رکا ہوا ہے ، ہسپتالوں کی نجکاری نہیں ہو رہی بلکہ اس میں اصلاحات کے ذریعے پرائیویٹ ہسپتالوں کی طرح سزا اور جزا کا نظام لا رہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس لاہور میں صحت سہولت کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معیشت کی ترقی امن و امان کی بہتر صورتحال اور قانون کی عمل داری سے منسلک ہے،سمندر پار پاکستانیوں کو جب تک محفوظ ماحول فراہم نہیں ہوگا وہ سرمایہ کاری کرنے میں دقت محسوس کریں گے،پاکستان میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت ہے،پاکستان میں سیاحت کا فروغ بھی قانون کی عملداری اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری پر منحصر ہے،بڑے جرائم پیشہ عناصر اور قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے ۔وزیر اعظم عمران خان نے دورہ لاہور میں سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے پولیس خدمت مرکز کے گلوبل پورٹل کا اجرا ءکرتے ہوئے کہا کہ گلوبل پورٹل کے اجرا ءسے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت میسر ہوگی اور ان کا اپنے ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اعتماد بحال ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں