عدم اعتماد کے دن شاہراہ دستور پر 20 لاکھ لوگ لائیں گے، احسن اقبال
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن نے عدم اعتماد کے دن شاہراہ دستور پر جلسے کا اعلان کردیا ، احسن اقبال کہتے ہیں کہ دم اعتماد کے دن اسلام آباد کی شاہراہ دستور پر 20 لاکھ لوگوں کا جلسہ کریں گے میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی تمام سیاسی و جمہوری قوتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی اور آئین و عوام کے مفاد کے تحفظ کے لئے اس حکومت کو گھر بھیجنے کے لئے متحد ہیں ، تحریک عدم اعتماد کسی سیاسی تبدیلی کی نہیں عوام کی تحریک ہے ، آج حکومت نے جو پاکستان کا حشر کیا ہے اگر یہ رخصت نہ ہوئی تو ملک کو دوبارہ درست راستے پر لانا مشکل ہوجائے گا ۔احسن اقبال نے کہا کہ جتنے اسکینڈل اس حکومت کے آئے اتنے پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئے، پی ٹی آئی کی کرپشن کا پلڑا بھاری ہے کیونکہ تمام مافیاز کے نمائندے کابینہ میں بیٹھے ہیں اور ہر مافیا عمران خان کا ڈونر ہے ، اس صورتحال میں ملک سے بیرونی سرمایہ کاری بھاگ گئی ہے آج پورا انتظامی ڈھانچہ مفلوج ہوچکا ہے ، 4 سال مکمل ہونے کے بعد پاکستان کی معیشت ناکام معیشت پیش کررہی ہے ، عمران نیازی 20 ہزار ارب کے قرضے لے چکے ہیں سارے قرضے خسارہ پورا کرنے میں جھونک دیے ہیں ۔ادھر پاکستان مسلم لیگ ن نے وزیراعظم عمران خان کو اپنے 12 لوگوں پر نظر رکھنے کا مشورہ دے دیا ، مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ ہمارے تو نمبرز پورے ہیں ، عمران خان اپنے 12 لوگوں پر نظر رکھیں ، کسی آرٹیکل63 میں پارلیمنٹ جانےوالے کو نااہل کرنے کا نہیں لکھا ، ارکان اپنا اختیار استعمال کرلیں اس کے بعد ان کے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے ۔ پارلیمانی پارٹی کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی نے قومی اسمبلی اجلاس فوری بلانے کا کہا ہے ، ن لیگ میدان میں ڈٹ کر کھڑی ہے اور اپوزیشن کے ساتھ تحریک عدم اعتماد کامیاب بنائے گی ، اس مقصد کے لیے شہباز شریف کی طرف سے بلائے گئے پارلیمانی پارٹی ک ے اجلاس میں ن لیگ کے 84 ارکان شریک ہوئے ، جس میں پارلیمانی پارٹی نے صدر ن لیگ کومکمل فیصلے کا اختیار دیا ہے۔


