پی پی کا ایم کیو ایم کے تمام نکات سے اتفاق کا اعلان
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی نے اسلام آباد میں حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے رہنماو¿ں سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ایم کیوایم کے تمام تر نکات سے اتفاق ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سوشل میڈیا ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعے بتایا گیا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ایم کیوایم وفد کی ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیان کے مطابق زرداری ہاو¿س اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم کی جانب سے عامر خان، خالد مقبول صدیقی، امین الحق، وسیم اختر، خواجہ اظہار اور جاوید حنیف جب کہ پیپلز پارٹی کے سید یوسف رضا گیلانی، سید مراد علی شاہ، سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، شرجیل میمن اور رخسانہ بنگش بھی موجود تھے۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم نے ملک کے وسیع تر مفاد میں ایک دوسرے سے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اس ملاقات پر ایم کیو ایم کا موقف اب تک سامنے نہیں آیا۔


