وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقاتوں کے درمیان گفتگو کا علم نہیں، اسد عمر
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ووٹ ڈالنے سے پہلے تک کسی کو کوئی بھی خیال آ سکتا ہے، 5 منحرف اراکین نے واپسی کے لیے کابینہ سے رابطہ کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ محرف ارکان فیصلوں پر نظر ثانی کریں ورنہ قانونی راستہ موجود ہے۔آرٹیکل 63 اے کے تحت درخواست فائنل کرکے نوٹوں کی سیاست کو دفن کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ووٹ بیچنے والے کے لیے تاحیات نااہلی ہونی چاہئیے۔اسد عمر نے کہا کہ شوکاز ملنے کے بعد لوگ ایم این ایز سے رابطے کر رہے ہیں، جو عمران خان کے خلاف جائے گا وہ غلطی کرے گا۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ یہ نہیں کہہ سکتا کہ ہر شخص پیسے کے اوپر گیا مگر ہمارے ارکان اسمبلی کو جو آفرز ہوئیں اس کی تفصیلات بھی موجود ہیں۔راجہ ریاض کیا مانگ رہے تھے اس پر بات نہیں کروں گا مگر وزیراعظم سے ملاقات میں انہوں نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔اسد عمر نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی آرمی چیف سے ایک سے زیادہ ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ ون آن ون ملاقات میں سیاست ڈسکس ہوئی یا نہیں یہ میرے علم میں نہیں ہے۔


