27 مارچ کو پی ٹی آئی کو پریڈگراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت
اسلام آباد (انتخاب نیوز) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو 27 مارچ کو پریڈگراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے جب کہ پی ڈی ایم کو ایچ نائن گراؤنڈ میں جلسے کی تجویز دی گئی ہے۔ پی ٹی آئی نے انتظامیہ کی تجویز پر پریڈگراؤنڈ میں جلسے کے لیے درخواست ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرائی تھی۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو ایچ نائن گراؤنڈ میں جلسے کی تجویز دے دی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو درخواست جمع کرانے کا کہا ہے تاکہ ایچ نائن گراؤنڈ میں جلسے کے حوالے سے سیکورٹی اور دیگر سہولیات دی جاسکیں۔ اس سے قبل اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے حکومت اور اپوزیشن کو ڈی چوک (ریڈزون) میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کو ڈی چوک پر 27مارچ کے جلسے کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی جبکہ اپوزیشن نے بھی اسی جگہ جلسے کی درخواست دے رکھی تھی تاہم ضلعی انتظامیہ نے دونوں کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کا موقف تھا کہ ریڈ زون میں دفعہ 144 کا نفاذ ہے اور دونوں طرف سے ایک ہی جگہ جلسہ کرنے سے تصادم کا خدشہ ہے جس سے حالات بگڑ سکتے ہیں، ریڈ زون میں زیادہ لوگوں کے آنے سے سیکورٹی مسائل بھی ہوں گے۔


