ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال سے غریب عوام کو نقصان پہنچ رہاہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبدا لقدوس بزنجو سے ینگ نرسز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ملک عزیز کاکڑ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،اس موقع پر ینگ نرسز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ملک عزیز کاکڑ نے کہا ہے کہ ینگ نرسز ایسوسی ایشن وائے ڈی اے اور پیر ا میڈیکل کی ہڑتال سے لاتعلق ہیں،ینگ نرسز ایسوسی ایشن کے اراکین اپنی ڈیوٹیوں پر موجود ہیں،وائے ڈی اے کی ہڑتال سے غریب عوام کو نقصان پہنچ رہاہے، انہوں نے کہاکہ ہم وائے ڈی اے اور پیرا میڈکس سٹاف سے ہڑتال فوری ختم کرنے مطالبہ کرتے ہیں،اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے وائے این اے بلوچستان کے ہڑتال کے حوالے سے موقف کی تعریف کر تے ہوئے کہا کہ ہڑتال کے باعث غریب عوام کو علاج معالجہ کی سہولت نہ ملنا باعث افسوس ہے،حکومت کی جانب سے ڈاکٹروں کے مطالبات پر عملدرآمد شروع ہونے کے باوجود ہڑتال سمجھ سے بالا تر ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان نے نرسوں کے سروس سٹریکچر نرسنگ الاؤنس نرسنگ کالج اور رہائیشی کالونیوں کی تعمیر کی یقین دہانی کروائی،وفد نے سٹاف نرسز کے کنٹریکٹ میں توسیع پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔


