الیکشن کمیشن کے بلاول، زرداری، امجد خان آفریدی اور ساجد حسین طوری کو نوٹسز

کوہاٹ (انتخاب نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اور کوہاٹ سے ایم پی اے امجدخان آفریدی اور اپرکرم سے پیپلز پارٹی کے ایم این اے ساجد حسین طوری کو گزشتہ روز قبائلی ضلع کرم کے صدرمقام پارہ چنار میں واقع سپورٹس کمپلیکس میں عوامی جلسہ میں شرکت کرنے پر نوٹسز جاری کردیئے اور انہیں آج بروز پیر بمطابق 28 مارچ دن11 بجے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کرم کے دفتر میں پیش ہوکر وضاحت کے لئے طلب کرلیا ہے۔ڈپٹی کمشنرضلع کرم /ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرالیکشن کمیشن ضلع کرم نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت تینوں عہدیداروں کے نام الگ الگ نوٹس جاری کردیئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ انہوں گزشتہ روز پارہ چنار سپورٹس کمپلیکس میں عوامی جلسہ میں شرکت کرکے تقرریں کیں جو کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر چیئرمین کشمیر کمیٹی اور رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی کوبھی لوئر کرم میں جلسہ میں شرکت کرکے خطاب کرنے پر نوٹس جاری کردیئے اور انہیں آج بروز پیر بمطابق 28 مارچ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کرم کے دفتر میں پیش ہوکر وضاحت کے لئے طلب کرلیا ہے۔ ڈپٹی کمشنرضلع کرم /ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرالیکشن کمیشن ضلع کرم نے ممبرقومی اسمبلی و چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کے نام جاری نوٹس میں کہا ہے کہ انہوں گزشتہ روز لوئرکرم میں جلسہ میں شرکت کرکے خطاب کیا جو کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں