اسپیکر پنجاب اسمبلی کا مریم نواز کی گفتگو کا حوالہ درست نہیں، مریم اورنگزیب

لاہور (انتخاب نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کے مریم نواز سے متعلق بیان پر مسلم لیگ ن کا ردعمل آگیا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے چوہدری پرویز الہی کے مریم نواز سے متعلق بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الہی کا مریم نوازشریف کی گفتگو کا حوالہ درست نہیں، دس بندے والی پارٹی کی بات بے بنیاد ہے، اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے جب کہ مشترکہ اپوزیشن کا فیصلہ تھا کہ چوہدری پرویز الہی کو وزارت اعلی کی پیشکش کی جائے لیکن اپوزیشن کی اس پیشکش کے برعکس یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے۔خیال رہے کہ وزیراعلی پنجاب کے نامزد امیدوار چودھری پرویز الہی نے کہا تھا کہ مریم بی بی اور ان کے گروپ کو میرا وزیراعلی بننا پسند نہیں تھا، شہبازشریف ہمارے ساتھ آن بورڈ تھے، وہ پارٹی صدر ہیں لیکن وہ نوازشریف کی ویٹوپاور کا رخ نہیں موڑسکتے، ہمارے پاس معلومات تھیں کہ ہمیں وزارت اعلی صرف4 مہینے کیلئے دی جارہی تھی۔انہوں نے حامد میر کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کا گروپ ہمارے ساتھ آن بورڈ تھا لیکن مریم بی بی اور ان کا گروپ پسند نہیں کرتا تھا کہ 5 یا 10نشستوں والوں کو کیوں وزارت اعلی دے دیں، اس لیے وہ شہبازشریف کے ساتھ آن بورڈ نہیں تھے، ہمارے ساتھ ماضی میں بھی اس طرح ہوچکا ہے اس لیے ہم بڑا محتاط چلیں گے۔چوہدری پرویز الہی نے بتایا کہ پھر زرداری صاحب نے کہا اگر آپ ان کو وزارت اعلی نہیں دیتے تو میں پیچھے ہٹ جاتا ہوں، اس کے بعد پھر ن لیگ نے ایک بڑا وفد بنا کر بھیجا تاکہ ہمیں لگے کہ چیزیں طے ہوگئی ہیں، شہبازشریف نے کھانے پر بلایا تھا ہم کیوں نہیں گئے؟ کیوں کہ ہماری خوش قسمتی ہے ہمیں چیزوں کی معلومات پہلے مل جاتی ہیں، ہمارا وقت 4 مہینے تک تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں