امریکا نے سازش کی تو آپ نے او آئی سی کانفرنس میں کیوں دعوت دی، شہباز شریف
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو غیر ملکی مبینہ سازش کا علم آج ہوا، اگر یہ بات تھی تو آپ کو بہت پہلے واویلا کرنا چاہیے تھا، عمران خان دھمکی آمیز خط ملنے پر تین ہفتے خاموش کیوں رہے اور فوری شور کیوں نہیں کیا؟ اسلام آباد میں پریس کانفرس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر امریکا نے سازش کی تو آپ نے او آئی سی کانفرنس میں امریکا کو کیوں دعوت دی، کیا آپ اتنے معصوم ہیں کہ معصومیت سے امریکا کا نام لے گئے، یہ آپ کا آخری اور بھونڈا مذاق اور ناٹک ہے، یہ ڈرامہ بازی کس کو دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، کیا اس کے اعلامیے میں کسی سازش کا ذکر ہے قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں سازش کا ایک لفظ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں امریکا سے اچھے تعلقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، عمران خان نے دورے سے واپسی پر کہا کہ وہ دوسرا ورلڈ کپ جیت کر آرہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اتوار کو ایوان میں ان کی سیاست کا خاتمہ ہوگا، وہ اچھی طرح جانتے ہیں ان کو ایوان میں شکست فاش ہوگی، ہم نے منحرف اراکین کے بغیر ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کردی ہے، وہ جھرلو پھیر کر اقتدار میں آئے، ہم آئینی طریقے سے انہیں گھر بھیج رہے ہیں، ان کی کیفیت اس وقت ڈوبتے کو تنکے کا سہارا جیسی ہے، ایسے ہی کسی سہارے کی تلاش میں وہ ایسی حرکتیں کر رہے ہیں۔


