فرزند زرداری کی پریس کانفرنس سندھ حکومت کیخلاف چارج شیٹ ہے، مراد سعید

اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ فرزند زرداری کی پریس کانفرنس کسی اور کے نہیں خود پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کیخلاف چارج شیٹ ہے۔ ایک بیان میں مراد سعید نے کہاکہ سیاسی جملہ بازی اور اپنی ناکامیوں کو وفاق کے سر تھوپنے کی ناکام کوشش کے علاوہ فرزند زرداری کے بس میں کچھ نہیں، وفاق کے مکمل تعاون کے باوجود آج فرزند زرداری کے پاس بتانے کیلئے کچھ نہیں،کوئی فرزند زرداری کو بتائے صحت صوبائی معاملہ ہے جسے سنبھالنے میں انکی صوبائی حکومت شرمناک حد تک ناکام ہے۔مراد سعید نے کہاکہ اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی سے ملنے والے پیسے اچھے لگتے ہیں تاکہ ڈاکے ڈالے جاسکیں، جعلی کھاتوں میں پیسے ڈالنے اور جعلی کمپنیوں میں ہیر پھیر کے ماہر جبکہ عوام کی فلاح کا معاملہ ہو تو وفاق کی جانب منہ اٹھا لیتے ہیں۔ مراد سعیدنے کہاکہ پورے سندھ میں لاک ڈاؤن کے نام پر مزدوتوں کی شرمناک ناکہ بندی کے علاوہ زرداری کے بیٹے اور جماعت نے کیا ہی کیا ہے۔مراد سعید نے کہاکہ وفاق اور دیگر تین صوبوں کی حکومتیں کرونا سے عوام کو بچانے جبکہ سندھ کے وزیراعلیٰ زرداری اور ابن زرداری کی ناجائز دولت بچانے میں مصروف ہیں۔مراد سعید نے کہاکہ روز اول سے سندھ کے وزیراعلیٰ کو سپاسنامے اور خبرنامے پڑھنے پر لگایا گیا اور سند کے عوام کو وباء کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا، رقوم کی تقسیم سے طبی سامان کی ترسیل تک سارے کارنامے عمران خان اور وفاقی حکومت کریں اور یہ اور انکا وزیراعلیٰ کرپشن اور کرپٹ کرداروں کو بچائیں۔ مراد سعید نے کہاکہ عمران خان نے ایک کروڑ 20 لاکھ غریبوں کو نہایت شفاف طریقے سے 12 ہزار فی خاندان کے حساب سے بانٹے، آپ نے جو راشن بانٹنے کا دعویٰ کیا وہ روئے زمین پر کسی کو دکھائی نہ دیا، تقریروں اور بے سود جملوں سے کردار و عمل کی سیاہی چھپانا ممکن نہیں۔ مراد سعید نے کہاکہ فرزند زرداری کی جماعت نے نہایت سنگین حالات میں سندھ کے عوام سے بدتری دغا کیا، جواب طلبی کیلئے تیار رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں