ذکری زائرین کو تربت آمد پر تمام سہولیات فراہم کی جائینگی ‘ کمشنر مکران ڈویژن

تربت (نمائندہ انتخاب ) کمشنر مکران ڈویژن شبیر احمد مینگل کی زیر صدارت جمعہ کے روز رمضان المبارک میں ذکری زائرین کی زیارت کے لیے تربت آمد کی تیاری کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہواجس میں زیارت کمیٹی کے سیزن چیئرمین ملا برکت بلوچ، آفیس انچارج سیٹھ حامد ،عبد الواحد جبکہ ضلع انتظامیہ کی طرف سے ایڈیشنل ڈی سی کیچ تابش بلوچ،اسسٹنٹ کمشنر تربت عقیل کریم ،ڈی ایس پی تربت امام یعقوب ،ڈی ایس پی لیگل لعل جان بلوچ ، ڈاکٹرعبدالحمید بلوچ ،ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر طارق سخی ، میونسپل کارپوریشن تربت کے چیف افیسر عبید کاشف، پی پی ایچ آئی کیچ کے ڈی ایس ایم حاجی خان بلوچ ،ڈاکٹر یونس بلوچ ،ایکسین واپڈا حسن مگسی اور دیگر شریک تھے اس موقع پر کمشنر مکران نے اجلاس کے شرکاءسے کہا کہ ذکری زائرین کو تربت آمد پر تمام تر سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائیںگی انہوں نے کہا کہ ذکری زائرین زیارت کے لیے آئیںگے تو انہیںہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے انہوںنے محکمہ ہیلتھ ،بلدیہ اور پولیس لیویز اور دیگرمتعلقہ اداروں کے سربراہان کو خصوصی ہدایات جاری کیں کہ وہ متحرک رہیں تاکہ ذکری زائرین کو کوئی مسئلہ پیش نہ آئے کمشنر مکران نے اس موقع پر زیارت کمیٹی کے سیزنل چیئرمین ملا برکت بلوچ کو کہا کہ رمضان المبارک ہر اعتبار سے قابل احترام ہے اور اس کا احترام سب پر فرض ہے اور ذکری فرقے سے تعلق رکھنے افراد بھی ماہ مقدم کی تقدس کا خیال رکھیں تاکہ کوئی نا خوشگوار ماحول پیدا نہ ہو ، انہوں نے کہا کہ اس دفعہ توقع یہی ہے کہ ایک لاکھ سے زیادہ ذکری زائرین زیارت کے لیے تربت آئیںگے جنہیں ڈاکٹر ،ادویات ایمبولینسز اور دیگر سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں