بلوچستان سے سرکاری گاڑی میں شراب کی اسمگلنگ ناکام، 348 بوتلیں برآمد
کراچی (انتخاب نیوز) پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ نے غیر ملکی شراب کی اسمگلنگ کو ناکام بنادیا، بلوچستان حکومت کی سرکاری نمبر پلیٹ کی حامل ڈبل کیبن پک اپ سے چونسٹھ لاکھ اسسی ہزار روپے مالیت کی 348 بوتلیں غیر ملکی شراب برآمد کرلی۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کے عملے کو بلوچستان سے سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی کے ذریعہ شراب کی کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی جس پر اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی RCD ہائی وے پر قائم کسٹمز چیک پوسٹ موچکو نے نگرانی شروع کردی۔ بعدازاں کسٹمز عملے نے بلوچستان سے آنے والی سرکاری نمبر پلیٹ والی ڈبل کیبن پک اپ کو رکنے کا اشارہ کیا تو ڈرائیور نے پک اپ بھگا دی، کسٹمز عملے کے تعاقب پر پک اپ ڈرائیور نے کسٹمز کی گاڑی کو ٹکر مار دی، پک اپ میں سوار مسلح شخص نے تعاقب کرنے والی کسٹمز کی گاڑی پر فائرنگ بھی کی۔ بعدازاں ٹریفک جام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شیرشاہ چوک کے قریب ڈرائیور اور گارڈ نے پک اپ سے چھلانگ لگا کر سڑک کی دوسری جانب سے راہ فرار اختیار کرلی۔ کسٹمز اہلکاروں نے ڈبل کیبن پک اپ کو قبضہ میں لے کر گاڑی سے 348 بوتلیں غیر ملکی شراب برآمد کیںجس کی مالیت چالیس لاکھ روپے بتائی جاتی ہے، تحویل میں لی گئی شراب اور ڈبل کیبن پک اپ کی کل مالیت ایک کروڑ چار لاکھ چالیس ہزار روپے بتاتی جاتی ہے، مفرور ملزمان کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔


