مجید بریگیڈ نے خواتین خودکش بمباروں کا اسکواڈ تیار کیا ہے،ترجمان حکومت بلوچستان
اسلام آباد (انتخاب نیوز) بلوچستان حکومت کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہوشاپ سے گرفتار خاتون نور جہان سے تحقیقات میں حیران کن انکشافات ہوئے ہیں۔ نور جہان بلوچ کو فنڈنگ دبئی سے فراہم کی جاتی تھی، مجید بریگیڈ خواتین کو خودکش حملوں کیلئے تیار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نور جہان کو مالی معاملات ندیم نامی شخص کے ذریعے دبئی سے بھیجے جارہے تھے۔ ان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا، باقاعدہ قانونی تقاظے مد نظر رکھتے ہوئے کارروائی کی گئی۔ اسلم عرف اچھو جو افغانستان میں مارا گیا اس کی اہلیہ نورجہان کارروائیوں کی سربراہی کررہی ہیں اور مزید خواتین کو تیار کیا جارہا ہے۔ تحقیقات میں نور جہان نے وحیدہ، فہمیدہ اور حمیدہ کے نام بتائے ہیں۔ نور جہان بلوچ کیخلاف تھانہ مکران میں ایف آئی آر درج ہوئی۔ مزید تفتیش کا سلسلہ شروع ہوا تو اس خاتون نے بہت سے انکشافات کیے۔ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ بیرونی ہاتھ ہماری خواتین کو استعمال کررہے ہیں، بلوچ اس قسم کی کارروائی اور پھر خواتین کو استعمال کرنا، ہم نے کبھی بھی اس قسم کے واقعات نہیں دیکھے۔ ہم دیکھ سکتے ہیں کہ بلوچستان میں غیرت مند بلوچ کی خواتین اس طرح کی کارروائیاں نہیں کرسکتیں۔ شرم کی بات ہے کہ ان واقعات میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں، بلوچ خواتین کو ان واقعات میں ملوث کیا جارہا ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جتنی بھی کالعدم تنظیمیں ہیں جن کو بیرونی سرپرستی حاصل ہے اس حوالے سے تحقیقاتی ادارے کام کررہے ہیں جلد کارروائی کی جائے گی۔ چند ایسے لوگ ہیں جو بلوچستان اور پاکستان میں موجود بھی نہیں ہیں، کوئی یوکے میں بیٹھا ہے، کوئی خلیجی ملک میں بیٹھا اور وہاں سے وہ اس قسم کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ بلوچ ایسی خودار اور عزت دار قوم ہے جو ایسا سوچ بھی نہیں سکتے جو اپنی خواتین کو ایسے کاموں کیلئے استعمال کریں۔ یہ چند عناصر بیرونی سازشوں کا شکار ہورہے ہیں۔ تحقیقات جاری ہے، معلومات شیئر کرتے رہیں گے انڈیا اور را واضح طور پر پاکستان کے عدم استحکام کے پیچھے ہیں، خاص کر بلوچستان کے عدم استحکام کیخلاف کام کرنیوالوں کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔


