مریم میرا نام جوش سے لیتی ہو،دھیان کرو تمہارا خاوند ناراض نہ ہوجائے،عمران خان

ملتان : پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ(کل)اتوار کو پشاور میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلا س میں مشاورت کے بعد لانگ مارچ کے حوالے سے تاریخ کااعلان کیا جائیگا، 25 مئی سے 29 مئی کے درمیان کسی تاریخ کو اسلام آباد آنے کا فیصلہ کریں گے،ایک ہی مطالبہ ہے اسمبلیاں تحلیل کی جائیں اور فوری انتخابات کا اعلان کیا جائے،جتنی دیر موجودہ حکومت رہے گی اتنا ہی ذلیل ہوگی،سازس کر کے موجودہ حکومت کو لانے والے بھی ذلیل ہونگے،مریم بار بار میرا نام لیتی ہو، تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ناراض نہ ہوجائے۔ جمعہ کو جلسے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ دنیا میں نوجوانوں اور خواتین کے بغیر کوئی بھی انقلاب کامیاب نہیں ہوتا، شاندار استقبال پر ملتان کا شکریہ اداکرتا ہوں، یہ انقلاب آرہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیشہ دعا کرتا تھا اللہ قوم کو جگا دے اور شعور پیدا کر دے کہ وہ کبھی کسی مافیا،چور اور ڈاکوؤں کے سامنے یا کسی سپر پاور کے سامنے سر جھکائے، اللہ نے میری دعا پوری کر دی ہے جس پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ تیس سال سے ملک کو لوٹنے والوں نے سازش کی، جن پر کرپشن کے کیسز تھے انہوں نے بڑی کوشش کی کہ این آر او دے دو، کبھی لانگ مارچ، ہر قسم کی بلیک میل، اسمبلی اور میڈیا پر برا بھلا، ذاتیات اور گھٹیاقسم کی زبان استعمال کی،صرف ایک ہی مقصد تھا کہ کرپشن کے کیسز ختم کردوں۔ انہوں نے کہاکہ قوم سے کہنا چاہتا ہوں کرپٹ اوربزدل حکمرانوں نے خوف دلایا ہوا ہے، انہوں نے خوف دلایا جب تک امریکا کے جوتے پالش نہیں کریں گے آگے نہیں بڑھ سکتے۔عمران خان نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے سپر پاور کے سامنے گھٹنے ٹیکے، حکمرانوں کی وجہ سے پاکستانیوں کو ذلت ملی۔ عمران خان نے مسلم لیگیوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ (ن)لیگ والو خدا کے واسطے مجھے جواب دو، کیا کبھی گیدڑ لیڈر بن سکتا ہے، آصف علی زرداری نے کہا تھا نوازشریف اٹک جیل میں اتنا روتا تھا ٹشو ختم ہو جاتے تھے، عمران خان نے کہاکہ شہبازشریف پہلے سے ہی نیشنل حکومت بنانے کا اعلان کررہے تھے، یہ سمجھ رہے تھے ڈیڑھ سال حکومت کریں گے، الیکشن کمیشن پہلے ہی ان کے ساتھ تھا، یہ سمجھ رہے تھے دھاندلی کے ذریعے الیکشن جیت جائیں گے۔انہوں نے تو قوم کو بتایا تھا بڑے تجربہ کارہیں، وزیراعظم کو 6 ہفتے ہو گئے ہیں کہتے ہیں صبح چھ بجے جاگ جاگ جاتا ہے، چھ بجے جاگنے سے کچھ نہیں ہو گا، چھ بجے تو میرا مالی بھی جاگ جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈالر 200 کا ہوگیا ہے، اب پتا چلا ہے ان کا سارا تجربہ کرپشن کا ہے، یہ جب اقتدارمیں آتے ہیں تو پیسہ بناتے ہیں اورملک مقروض ہوجاتا ہے، پچھلے ایک سال سے سازش کرنے میں لگے تھے، اب اقتدار مل گیا تو کیوں نہیں مل سنبھل رہا؟۔ انہوں نے کہاکہ شہبازشریف کبھی لندن بھاگتا ہے، کبھی کہتے ہیں نیشنل سکیورٹی چیزیں مہنگی کرے، 30 سال سے مقروض کرنے والے ملک کے مسئلے حل نہیں کرسکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں