حق دو تحریک کی بلدیاتی الیکشن میں کامیابی بو سیدہ نظام کیخلاف ریفرنڈم ہے،مولانا ہدایت
گوادر (بیورورپورٹ) حق دو تحریک بلدیاتی اداروں کو خدمت کا محور بنائے گی۔ حق دو تحریک کے بلدیاتی کونسلروں کی کامیابی عوام کا چالیس سالہ نظام سے بیزاری کے خلاف ریفرنڈم ہے۔ حق دو تحریک کے بلدیاتی کونسلر خدمت اور دیانت کی بہترین مثال قائم کرینگے۔ حق دوتحریک پر اعتماد کرنے پر ضلع گوادر کے عوام کا شکریہ اداکرتے ہیں۔ انشاء اللہ مایوس نہیں کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن، سینئر رہنماء حسین واڈیلہ اور حق دو تحریک گوادر کے کنوینر شریف میانداد نے میرین ڈرائیو پر عوام سے اظہار تشکر کے سلسلے میں منعقدہ عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔ جلسہ کے آغاز سے قبل شکرانے کے نوافل اداکئے گئے۔ جلسہ کا آغاز بلوچی قومی ترانہ ما چکیں بلوچانی سے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ پاک کا لاکھ لاکھ احسان ہے کہ اس عالی ذات نے حق دو تحریک کو سرخرو کیا۔ انہوں نے کہا کہ حق دو تحریک کی جہد مسلسل اور عوام کی بھرپور تائید سے حق دو تحریک کے غریب بلدیاتی امیدواروں نے سرمایہ داروں اور سیاسی اشرافیہ کو شکست فاش سے دوچار کیا جس کا سہرا عوام کے سر جاتا ہے جنہوں نے چالیس سالہ نظام سے بغاوت کرکے قومی بیداری اور شعور کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب قوم جاگتی ہے تو ظلم کا نظام ٹہر نہیں سکتا۔ یہاں کی سیاسی اشرافیہ کو اپنی ناجائز دولت پر گھمنڈ تھا تمام حکومتی مشینری استعمال کرنے اور اپنا من پسند انتخابی عملہ لگانے کے باوجود عوام نے ان کو مسترد کردیا عوام کی رائے کے سامنے دھاندلی اور چمک مات کھا گئی۔ انہوں نے کہا کہ حق دو تحریک بلدیاتی اداروں کو خدمت اور دیانت کی اعلی مثال بنائے گی۔ گوادر ٹاون کے علاوہ پسنی اور اورماڑہ سمیت ڈسٹرکٹ کونسل کے چئیرمین حق دو تحریک سے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی اداروں کو بااختیار اختیار بنائے اگر صوبائی حکومت نے تعاون نہیں کیا تو گوادر شہر کی ترقی کے لئے جی پی اے اور جی ڈی اے سے وسائل حاصل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر سی پیک کا مرکز ہے چائینیز کمپنی کو پابند بنائینگے کہ وہ شہری سہولیات کی کمی کو پورا کرے۔ جی ڈی اے اسپتال کو عوامی اسپتال بناءئنگے جہاں عام آدمی کا علاج مفت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حق دو تحریک کا گوادر میونسپل کمیٹی سے حمایت یافتہ چیئرمین اپنا پہلا حکم شراب خانوں کے لئے نکالے گا۔ منشیات کے آڑے کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ حق دو تحریک کے بلدیاتی چیئرمین اور کونسلر ماضی کی روایت نہیں دھرایئنگے اب کمیشن خوری اور کرپشن نہیں ہوگی حق دو تحریک کے بلدیاتی نمائندوں کی کارکردگی کا میں براہ راست خود نگرانی کرونگا اگر بلدیاتی چیئرمین کی کارکردگی خراب ہوئی تو اس سے استعفا لیا جائے گا۔ انہوں نے حق دو تحریک کے کامیاب بلدیاتی کونسلروں کو تاکید کی کہ وہ بلا تفریق عوام کی خدمت کریں مخالفین کا بھی ساتھ دیں اگر خدانخواستہ وہ عوام کے اعتماد پر پورا نہیں اترے تو ان کا حشر بھی سیاسی اشرافیہ کی طرح ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب ضلع گوادر میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے عام انتخابات میں بھی حق دو تحریک سیاسی اشرافیہ کو شکست فاش سے دوچار کریگی۔


