وفاق پر حملے کے منصوبے سمیت عمران خان کے تمام عزائم ناکام بنادیئے، مولانا واسع
کوئٹہ (انتخاب نیوز)جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت اپنی مدت پورے کرے گی اور نئے وفاقی بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کرینگے وفاقی حکومت میں شامل جماعتیں ملک اور صوبوں کی ترقی چاہتی ہے۔پارٹی کے سینئر عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا عبدالواسع نے کہاکہ لانگ مارچ کے دوران فورسز نے وفاقی حکومت پر حملہ آور ہونے کے منصوبے سمیت عمران خان کے تمام عزائم ناکام بنادیئے، اب وہ ایک بار پھر ایک ادارے کا سہارا لے کر وفاقی حکومت پر حملہ آور ہونے کی کوشش کررہے ہیں جس کی ہم کسی بھی صورت اجازت نہیں دینگے وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ اب عمران نیازی جو کہ ملک دشمن کردار ادا کررہے ہیں کے تمام تر عزائم کو ناکام بنا کر ان کے خلاف غداری اور بغاوت کا مقدمہ درج کرکے ان کو فوری طور پر پشاور سے لا کر اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلام ترقی و خوشحالی کے کرن کے طور پر میدان عمل میں اپنا تاریخی کردار ادا کرے گی،حالیہ بلدیاتی انتخابات میں تمام تر پروپیگنڈوں کے باوجود جمعیت علماء اسلام کامیابی حاصل کی جبکہ ماضی میں یہاں کے عوام کے نام پر بہت سارے قوتوں نے ذاتی گروہی مفادات کے نام پر جو وعدے کیے وہ آج سب غلط ثابت ہو ئے۔


