دادجان کے قتل سے عوام میں غم و غصہ پایا جاتاہے، جسٹس فار داد جان کمیٹی

پنجگور (انتخاب نیوز) پنجگور جسٹس فار دادجان کمیٹی کے زیراہتمام جامعہ منبع العلوم خدابادان کی جامع مسجد میں تقریب منعقد ہوئی جس میں اہالیان خدابادان بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ اجلاس کے آغاز پر خدابادان سمیت اہالیان پنجگور کاشکریہ ادا کیا گیا کہ گزشتہ 11 روز تک جاری رہنے والے دھرنا اور احتجاج کے موقع پرعوام نے بھرپور تعاون کیا، وقت اور مالی قربانی دی اور دادجان کے لواحقین کے غم میں برابر شریک رہے۔ تقریب سے جسٹس فار دادجان کمیٹی کے سربراہان اور ممبران کفایت اللہ بلوچ، حاجی عبدالعزیز بلوچ، حاجی عادل ارباب، سلیمان سدوزئی، زبیر ایوب، سجاد عنایت، حاجی خلیل احمد دہانی، نذیر احمد اور دیگر نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ دادجان کا قتل ایک ناقابل تلافی نقصان ہے جس سے نہ صرف خدابادان بلکہ پورا پنجگور کے عوام میں غم و غصہ پایا جاتاہے۔ حالیہ کامیاب دھرنا اور احتجاج اس بات کا ثبوت ہے کہ پورے پنجگور کی ہمدردیاں دادجان کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ مقررین نے کہاکہ دادجان کے قاتلوں کی گرفتاری سمیت دیگر مطالبات کمشنر مکران شبیراحمد مینگل اور ضلعی انتظامیہ کے سامنے رکھ دی گئی تھی۔ایک ہفتہ کی مہلت بھی دی گئی اور ان کی طرف سے یقین دہانی اور تحریری معاہدے کے بعد دھرنا ختم کرکے سی پیک روڑ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ انتظامیہ اس پر عملدرآمد کرنے میں کہاں تک کامیاب ہوگی۔ مقررین نے کہا کہ دھرنا اور احتجاج کے موقع پر عوام نے جس قومی جذبے اور اتحاد کے ساتھ جسٹس فار دادجان کمیٹی اور اہالیان خدابادان کا ساتھ دیا وہ ناقابل فراموش ہے اور پورا پنجگور داد کے مستحق ہیں۔ ہم پنجگور میں امن کے خواہان ہیں، ہر ذی شعور انسان کی یہی خواہش ہوگی کہ پنجگور امن کا گہوارہ بن جائے۔ شہر میں منشیات کی لعنت کو ختم کیا جائے۔ ہر گھر میں علم کا چراغ روشن ہو۔ اس وقت ہمیں تمام سیاسی اور زاتی مفادات کو ایک طرف کرکے پنجگور کے روشن مستقبل اور آنے والے نسل کو ایک بہترین ماحول فراہم کرنے کیلئے جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدابادان کے حوالے سے بہت جلد ایک یکجہتی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور دادجان فاﺅنڈیشن بھی بنائی جائے گی جوکہ بلاتفریق عوام کی خدمت اور ہر مشکل وقت میں متاثرہ خاندان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہوگی۔ جسٹس فار دادجان کمیٹی کی طرف سے یہ اعلان کیا گیا کہ اگلے جمعہ کو خدابادان جہل دیم میں بھی ایک تقریب منعقد کیا جائے گا۔ اورعیدالاضحی کے بعد خدابادان میں ایک گرینڈ جرگہ منعقد کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں