ملک میں معاشی ایمرجنسی کے نفاذ کی خبریں بے بنیاد ہیں، وفاقی وزیر خزانہ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ معاشی ایمرجنسی کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی اس وقت ملک میں معاشی ایمرجنسی نافذ ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف حکومت اخراجات کو کم کرنے کے حوالے سے کفایتی شعاری مہم کا اعلان کریں گے۔ وزیر خزانہ نے ملک میں معاشی ایمرجنسی لگانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ایمرجنسی کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی اس وقت ملک میں معاشی ایمرجنسی نافذ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں پیٹرول کی قیمت میں دو بار اضافہ کرنے کے بعد ہم معاشی بحران سے نکل چکے ہیں لہٰذا معاشی ایمرجنسی نافذ کرنے کی ضروت نہیں۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹ، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس یا عوام کے پرائیویٹ لاکرز کو منجمد کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، ہم ایسا کوئی اقدام نہیں کریں گے، سوشل میڈیا پر اس حوالے سے آنے والی خبریں غلط اور جانب دارانہ حلقوں کی جانب سے پھیلائی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی مخلوط حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی اور اگلی قسط کے حصوصل کے لیے ان کی شرائط پر عمل کرتے ہوئے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پیٹرول کی قیمت میں دو بار 30، 30 روپے کا اضافہ کیا جس سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت تاریخ میں پہلی بار 200 کا ہندسہ عبور کرتے ہوئے 209 روپے 85 پیسے پر پہنچ گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں