پاکستان میں جمہوریت کے نام پر جاگیردارانہ نظام رائج ہے، عمران خان
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ جلد احتجاج کی کال دوں گا، ہم تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج کریں گے، سب تیاری رکھیں۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف نیشنل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں فاسٹ ٹریک پر پارٹی میں الیکشن کرانے پڑے، یہ وہ الیکشن نہیں جو ہم چاہتے تھے، مجبوری میں یہ الیکشن کرائے گئے، اس کے باوجود ہماری پارٹی میں اپوزیشن قومی اسمبلی میں موجود اپوزیشن سے بہتر ہے جس کے قائد راجا ریاض ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جب 26 سال قبل پارٹی بنائی تو یہ سوچ کر بنائی تھی کہ یہ پارٹی ایک مثالی ادارہ بنے گی، یہ جماعت دیگر جماعتوں سے مختلف ایک سیاسی پارٹی بنے گی، پاکستان میں سیاسی پارٹیز نہیں، خاندانی جماعتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس خاندانی سیاست کی وجہ سے ہماری جمہوریت نے ترقی نہیں کی، ہمارے ملک میں موجود سیاسی جماعتوں میں میرٹ نہیں ہے، جمہوریت کے نام پر جاگیردارانہ نظام رائج ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ملک میں گزشتہ 60 سال کے دوران آدھا وقت ملٹری کی حکومت تھی جب کہ آدھا وقت 2 خاندانوں کی حکومت رہی، ہماری حکومت کے صرف ساڑھے 3 سال تھے جس پر انہوں نے اتنا شور مچایا کہ ملک میں تباہی ہوگئی جب کہ اصل میں یہ تباہی ان کے دور کی تھی۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پارٹی ادارہ تب بنے گی جب ہم جماعت میں بہترین انتخابات کرائیں گے جس کے ذریعے میرٹ پر اچھے لوگ اوپر آئیں گے۔


