توہین رسالت پر بی جے پی کیخلاف کراچی بھر میں نمازجمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے
کراچی (انتخاب نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے بی جے پی کے رہنمائوں کی جانب سے توہین رسالت کیخلاف ملک گیر یوم احتجاج کے سلسلے میں بعد نماز جمعہ بولٹن مارکیٹ میمن مسجد کے باہر احتجاج کیا، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ گستاخی رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف احتجاج ہمارے ایمان کا حصہ ہے، بی جے پی رہنماوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، بی جے پی دہشت گرد تنظیم ہے، ہندو بزدل قوم ہے جو نبی کی شان میں گستاخی کرتے ہیں، ہمارے حکمران بھارت کے خلاف پارلیمنٹ میں قرارداد بھی پاس نہیں کروا سکے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ بھارتی سفیر کو پاکستان سے بے دخل اور بھارتی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں بڑا احتجاج کیا جائے گا اور حکمرانوں کو مجبور کیا جائے گا کہ بھارت سے ہر قسم کے تعلقات ختم کیے جائیں،مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید نے میمن مسجد بولٹن مارکیٹ پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبیﷺ کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔مزید برآں مذہبی جماعتوں کی جانب سے حب ریور روڈ مواچھ گوٹھ اور نمائش چورنگی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔


