پنجاب کا بجٹ کل پیش ہوگا، ق لیگ اور پی ٹی آئی کا بھرپور احتجاج کا فیصلہ
لاہور (انتخاب نیوز) صوبہ پنجاب کا بجٹ کل پیش کیا جا رہا ہے۔ پنجاب اسمبلی میں بجٹ سیشن کے حوالے سے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس چودھری پرویزالہٰی، عثمان بزدار اور سبطین خان کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں محمود الرشید، یاسمین راشد، راجہ بشارت، اسلم اقبال اور دیگر اراکین نے شرکت کی، جس میں اپوزیشن ارکان کے خلاف مقدمات اور گرفتاریوں کی مذمت کی گئی۔ اس موقع پر بھارت کی جانب سے توہین رسالت کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد لانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس موقع پر پنجاب اسمبلی میں بھر پور احتجاج کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام دشمن بجٹ کے خلاف احتجاج کے لئے حاضری کو یقینی بنایا جائے، اپوزیشن ارکان بجٹ کیخلاف زیادہ سے زیادہ کٹوتی کی تحاریک جمع کرائیں گے۔ اجلاس میں ضمنی انتخاب کے لائحہ عمل بارے بھی اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی، پارلیمانی پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت بدترین انتقامی کارروائیوں کی مرتکب ہو رہی ہے۔ اجلاس میں ارکان نے شرکاء کو اپنے خلاف حکومت پنجاب کی جانب سے مقدمات اور انتقامی کارروائیوں سے آگاہ کیا پارلیمانی پارٹی ارکان کا تقاریر میں کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب کے حلقوں میں بھی دھاندلی کا آغاز ہوچکا ہے۔ ارکان کا کہنا تھا کہ بڑے پیمانے پر تبادلے کرکے من پسند افسران کو لگایا جارہا ہے۔ پارلیمانی پارٹی کی چیف سیکرٹری کے ضمنی انتخاب کے حلقوں کے اضلاع کے دوروں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔


