حکومت بلدیاتی اداروں کو مالی اور انتظامی طور پر خودمختار بنائے گی، قدوس بزنجو
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہم نے صوبے کے 34اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد یقینی بنایا ہماری حکومت بلدیاتی اداروں کو مالی اور انتظامی طور پر خودمختار بنائے گی بلدیاتی اداروں کی مالی ضروریات کو پورا کیا جائے گا اور انہیں خودانحصار بنایا جائے گا آئندہ مالی سال کے بجٹ میں لوکل کونسلز کیلئے 10ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز جبکہ تنخواہوں اور غیر ترقیاتی مد میں ساڑھے6ارب روپے مختص کئے جائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے کے مختلف اضلاع سے آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے نو منتخب کونسلروں کی بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا وفاقی وزیر سردار اسرار خان ترین، سینٹر منظور احمد خان کاکڑ، بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی وزرا، پارلیمانی سیکرٹری، پارٹی قائدین اور ڈویژنل کوآرڈینیٹر ز کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی وزیراعلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ سب کو باپ پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہتے ہیں باپ پارٹی صوبے کی بڑی جماعتوں میں شامل ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے پارٹی کی بنیاد 2018میں رکھی ہم نے پارٹی کو ایک جامع آئین اور منشور دیا صوبے کے سینئر عوامی نمائندوں نے باپ پارٹی میں شامل ہوکر اس کی مقبولیت میں اضافہ کیا 2018ء کے عام انتخابات میں باپ پارٹی نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے قومی اسمبلی میں ہم نے پانچ اور صوبائی اسمبلی میں 24نشستیں حاصل کیں، کے پی کے اسمبلی میں بھی باپ پارٹی کی نمائندگی موجود ہے جو کسی بھی نئی پارٹی کیلئے یہ ایک بہت بڑی کامیابی تھی انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں بھی ہماری 12نشستیں ہیں اور باپ پارٹی سینیٹ میں چوتھی بڑی جماعت ہے بدقسمتی سے پارٹی کی اس مقبولیت کو برقرار نہیں رکھا جاسکا ہمارے چند سینئر ساتھیوں جن پر پارٹی امور کو چلانے کی ذمہ داری تھی وہ اس ذمہ داری کو بہتر انداز میں ادا نہ کرسکے وزیراعلی نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ پارٹی کارکن پارٹی کے خلاف اندرونی اور بیرونی سازشوں سے بخوبی آگاہ ہیں پارٹی کارکن ان سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے پوری طرح پرعزم ہیں۔


