کراچی میں بلوچ خواتین کیخلاف پولیس نے طاقت کا استعمال کیا، نواب ثناء زہری
کراچی (انتخاب نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چیف آف جھالاوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے گزشتہ روز کراچی میں مظاہرہ کرنے والے بلوچ خواتین پر پولیس کی بے جا طاقت استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا رویہ بلوچ مظاہرین کے ساتھ انتہائی غیر مناسب تھا جو قابل مذمت ہے، خواتین کے ساتھ اس طرح کا رویہ اپنانا انتہائی افسوس ناک ہے ایسے رویوں سے نفرتوں میں اضافہ ہوتاہے۔ پو لیس کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا مظاہرین کو مذاکرات کے ذریعے قائل کیا جا سکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا بلوچ معاشرے میں خواتین کو احترام اور عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے خواتین کے ساتھ اس طرح کے واقعات کے ہوجانے سے بلوچ معاشرے میں مثبت پیغام نہیں جاتا ہے۔ نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا اس افسوسناک واقعہ پر میں بہت رنجیدہ ہوں اس حوالے سے حکومت سندھ اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو اپنی اور بلوچ عوام کی تشویش سے آگاہ کیا ہے سندھ حکومت اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے مجھے یقین دہانی کی ہے کہ بلوچ خواتین کے ساتھ پولیس کی طرف سے جو کچھ ہے ہوا ہے وہ اچھا عمل نہیں ہے، سندھ حکومت اس حوالے سے تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی کرے گی۔


