بلوچ خواتین پر سندھ پولیس کا تشدد ریاستی ظلم کی بدترین مثال ہے، شمع اسحاق بلوچ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر و سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحاق بلوچ نے جاری بیان میں کراچی میں بلوچ خواتین کے پرامن احتجاجی مظاہرے پر تشدد،زدکوب گھسیٹنے اور گرفتاریوں کو پولیس گردی کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے پرزور مذمت کی۔بلوچ خواتین جبری طور پر گمشدہ اپنے پیاروں کےلیے پرامن احتجاج کررہے تھے پرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے۔اور یہ حق آئین میں واضح ہے۔لیکن کراچی پولیس نے ظلم و ستم کی انتہا کردی۔بیان میں کہا گیا کہ افسوس ہے کہ بلوچ خواتین کی بے حرمتی و تشدد اور گرفتاریاں سندھ کی جمہوری حکومت کی موجودگی میں ہوئی۔سندھ حکومت یا پیپلز پارٹی جو خود کو انسانی حقوق کی علمبردار سمجھتی ہے۔اسی سندھ حکومت کی پولیس نے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ خواتین بھی اس ملک کی شہری ہیں اور ان کا احترام و وقار بھی ملک کے دیگر خواتین کے برابر ہے۔ لیکن افسوس بلوچ خواتین کے ساتھ اس ملک میں ناروا سلوک کیا جانے لگا جو شدید طور پر قابل مذمت ہے۔بیان میں کہا گیا کہ سندھ حکومت جمہوری و عوامی ہونے کا ثبوت پیش کرتے ہوئے سانحے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں