بجٹ میں عام آدمی کا معاشی قتل کیا گیا، سپر ٹیکس سے اشیاء مزید مہنگی ہوں گی، عمران خان

اسلام آباد (انتخاب نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے حکومت کی جانب سے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس عائد کرنے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے آئندہ ہفتے پریڈ گراؤنڈ میں احتجاجی جلسے کا اعلان کیا ہے۔ اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ملکی معیشت چلانے کی کوئی تیاری نہیں تھی، اب اشیاء کی قیمتیں مزید بڑھیں گی، حکومت نے عوام پرمزید بوجھ ڈال دیا ہے، مہنگائی سے بے روزگاری بڑھے گی اور زراعت متاثرہوگی۔ بجٹ میں عام آدمی کا معاشی قتل کیا گیا ہے، پیٹرول و ڈیزل کی قیمت بڑھا دی ہیں اب یہ پیٹرول و ڈیزل پر لیوی لگا دیں گے۔ سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ سپر ٹیکس کے نفاذ سے چیزیں مزید مہنگی ہوجائیں گی، سپر ٹیکس کی وجہ سے کارپوریٹ ٹیکس 39 فیصد پر چلا جائے گا، بھارت اور بنگلادیش میں کارپوریٹ ٹیکس 25 فیصد ہے۔ کئی انڈسٹریز نے لوگوں کو نکالنا شروع کردیا ہے۔ سپر ٹیکس کے بعد اسٹاک مارکیٹ پرمنفی اثر آیا ہے، سپر ٹیکس سے پیداواری لاگت بڑھ جائیگی۔ تنخواہ دار طبقے پر نئے ٹیکس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے کے ٹیکس میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے، تنخواہ دار پہلے سے مشکل میں تھا مزید ٹیکس بڑھا دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں