بیلہ، فراہمی آب کی پائپ لائنوں کی بچھائی التوا کا شکار، عوام کو قلب آب کا سامنا
بیلہ (انتخاب نیوز) پائپ لائنوں کی بچھائی کا کام کھٹائی میں پڑ گیا پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کی کام میں عدم توجہ، کروڑوں روپے مالیت کے پی وی سی پائپس غیر محفوظ دھوپ میں سڑ رہی ہیں، پائپ لائنز بچھائی کے نامکمل کام کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، پینے کے پانی کی سپلائی بھی معطل، قلت آب نے صورت حال گمبھیر بنادی۔ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بیلا کے ایس ڈی او اور ایکسیئن کی مبینہ غفلت کے باعث بیلا شہر اور گردونواح میں پی وی سی پائپ لائنز کی بچھائی کا کام پچھلے کئی ماہ سے کھٹائی میں پڑا ہوا ہے۔ شہر بھر میں پائپ لائنز بچھانے کیلئے کھودے گئے کھڈے شہریوں کیلئے وبال جان اور اذیت کا سبب بن گئے ہیں۔ ایس ڈی او بیلا اور ایکسیئن کو عوامی و شہریوں کی تکالیف کا کوئی احساس نہیں، عوامی حلقوں نے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کی چشم پوشی اور پائپ لائنز کی بچھائی کے کام میں عدم توجہ اور سست روی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایکسیئن اور ایس ڈی او بیلا فرائض کی ادائیگی اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں غیر ذمہ دار افسران کو گھر کی راہ دکھا کر ایماندار اور فرض شناس افسران متعین کئے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش قلت آب اور دیگر مسائل سے نجات حاصل ہو۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے فوری نوٹس لینے اور اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


