پریڈ گراﺅنڈ جلسے سے ثابت ہو گیا پاکستان کے عوام عمران خان کےساتھ کھڑے ہیں‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(انتخاب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پریڈ گراﺅنڈ جلسے سے ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، اس طرح کے غیر معمولی اجتماعات کےلئے سیاسی جماعتوں کو مہینوں تیاریاں کرنی پڑتی ہیں لیکن عمران خان کی ایک کال اور شار ٹ نوٹس پر لاکھوںکی تعداد میں پاکستانی پریڈ گراﺅنڈ میں جمع ہوئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے ضمنی انتخابی حلقوں کی عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے پارٹی رہنماﺅں اور متحرک کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے تحریک انصاف کے پی پی158 سے امیدوار میاںاکرم عثمان سے بھی ملاقات کی۔انہوںنے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ حکمران جماعت نے اپنی روایات کے مطابق دھونس اور دھاندلی کے پیشگی منصوبے بنائے ہوئے ہیں لیکن ہم ان کا سیاسی طور پر ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ان کے لئے میدان کسی صورت خالی نہیں چھوڑیں گے، ان شا اللہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار بھرپور کامیابی حاصل کر کے ثابت کرےں گے کہ پہلے سے زیادہ تعداد میںووٹرز عمران خان کے ساتھ ہیں ۔ عوام مہنگائی کی وجہ سے حکومت سے سخت بیزار ہیں اور عام انتخابات سے پہلے ہونے والے ضمنی انتخابات میں اپنے ووٹ کے ذریعے اس کا بر ملا اظہار کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خود دار قوم ہے اور وہ ہرگز اس کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں کہ ان کے فیصلے کوئی اور کرے ، عمران خان نے اسلامو فوبیا اور حرمت رسول کے لئے جو جدوجہد کی ہے پاکستانی قوم اسے بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے حالیہ تین ماہ میں ہماری حکومت کے ترقی کے رجحان کو بر قرار رکھنے کی بجائے تباہی و بربادی ، مہنگائی اور بیروزگاری کے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں بلکہ ہر آنے والا دن عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں