بارشوں میں نقصانات کی بڑی وجہ سیلابی نالوں پر تجاوزات اور قبضہ ہے، فرح عظیم شاہ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مون سون کی شدید بارشوں کی وجہ سے ابتک 49 افراد جاں بحق جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔جبکہ 48زخمی اور 353گھروں کونقصان پہنچا ہے۔کوئٹہ میں 09 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ شدید بارشوں سے سب سے زیادہ کوئٹہ، لسبیلہ، سبی، ہرنائی، دکی، کوہلو، بارکھان، ژوب اور ڈیرہ بگٹی متاثرہ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے،ڈی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ 24گھنٹے متحرک اور فیلڈ میں موجود ہیں اور ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔کوئٹہ میں شدید بارشوں اور ریلوں کے متاثرین کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹینٹ ویلیج قاہم کیا گیا ہے جبکہ امدادی سامان اور خوراک متاثرین میں تقسیم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مون سون کی شدید بارشوں سے قبل انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو آگاہی فراہم کر دی گئی تھی اس سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر لوگوں میں شدید بارشوں اور ریلوں سے متعلق پیشگی آگاہی دی جارہی ہے تاکہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے محفوظ رہیں انہوں نے کہا کہ شدید بارش اور سیلابی ریلے میں اموات کی بڑی وجہ لوگوں کی بے صبری ہے کیونکہ پانی کے بڑے ریلے کے باوجود گزرنے کی کوشش کرنے پر اموات ہوئیں۔جبکہ لوکل انتظامیہ کی جانب سے ان کی گاڑیوں کو روکے رکھا ۔ لیکن پھر بھی کئی افراد زبردستی گزرنے کی کوشش کرتے رہے۔ دوسری جانب نقصانات کی بڑی وجہ سیلابی نالوں پر تجاوزات اور قبضہ کرنے کی ہے جس سے پانی گھروں اور راستے میں آنے والے تمام چیزوں کو بہا کر لے گیا اور زیادہ نقصانات بھی ہوئے ہیں۔اس حوالے سے وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ایک اعلی سطحی اجلاس میں نالوں پر تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی اور تجاوزات کو ہٹانے کی ہدایت کی ہے کیونکہ عوام کی جان و مال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہیں اور انہیں تنہا نہ چھوڑا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے ہیوی مشینری کے ساتھ گزشتہ دو دنوں سے کوئٹہ اور صوبے بھر میں میں بارشوں سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے کام کررہے ہیں۔ گزشتہ تین روز سے عملہ دن و رات بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلیے اب تک سرگرم عمل ہےکوئٹہ کے مختلف علاقوں میں برساتی پانی نکالنے کیلے فوری رسپانس کرتے ہوئے ٹریکٹرز، اور ہیوی مشنری کے ذریعے کام سرانجام دے رہے ہیں اور برساتی نالوں سے تجاوزات ہٹانے اور برساتی ریلوں کے لیے راستے صاف کررہے ہیں تاکہ مزید بارشوں کی وجہ سے ایسی صورتحال پیدا نہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں