ہیضے کی وباپر قابو پانے کیلئے طبی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیجی جارہی ہیں، فرح عظیم شاہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے صوبے میں بارشوں کے بعد ہیضے اور اسہال کی وبا پھیلنے اور لوگوں کے متاثر ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت بلوچستان صالح محمد ناصر اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹرنور محمد قاضی کو فوری طور پر متاثرہ اضلاع میں صحت کی سہولیات،علاج ومعالجے اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ لینے اور نگرانی کرنے کے احکامات دئیے ہیں جس پر سیکرٹری صحت اور ڈی جی ہیلتھ سب سے متاثر ضلع ژوب پہنچ کر سہولیات اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے صوبے کے 16اضلاع میں ہیضے اور اسہال کی وبا سے کئی افراد بلخصوص بچے متاثر ہو رہے ہیں صوبائی حکومت اس حوالے سے محکمہ صحت کے اعلی احکام کو متحرک کر کے متاثرہ اضلاع میں لوگوں کے علاج معالجے اور بچا کے لئے سختی سے تاکید کی ہے کہ متاثرہ مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہیضے کی وباپر قابو پانے کے لیے خصوصی طبی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیجی جارہی ہیں۔حالیہ بارشوں سے پینے کے صاف پانی کے ذرائع شدید متاثر ہوئے ہیں لہذا صوبائی حکومت ان کی بحالی کے لیے بھی ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہیضے کی وباپر قاپو کے لیے صوبائی محکمہ صحت،عالمی ادارے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہنگامی بنیادوں پر ہیضے کی وبا پر فوری طور پر قابو پانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اس سلسلے میں محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی لاپرواہی اور غفلت نہ برتیں کیونکہ عوام کی جان و مال کی حفاظت اور علاج ومعالجہ کی سہولیات کی فراہمی کی زمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے اور صوبائی حکومت میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں اپنی یہ ذمہ داری احسن طریقے سے سر انجام دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جائے جب کہ اسپتالوں میں ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کو ہرصورت یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں۔


