لاپتہ افراد کو جعلی مقابلے میں مارنے کیخلاف کل کوئٹہ پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ ہوگا

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز، نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی، بلوچ یکجہتی کمیٹی، بلوچ وومن فورم، بی ایس او، بی ایس او پجار کا ایک مشترکہ اجلاس وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصر اللہ بلوچ کے سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حالیہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے بلوچ لاپتہ افراد کو جعلی مقابلے میں قتل کرنے کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ریاست کی جانب سے لاپتہ افراد کو تخریب کار کہہ کر ان کو قتل کیا گیا ہے حالانکہ یہ تمام لوگ جبری طور پر لاپتہ ہوئے، ان تمام کی جبری گمشدگی کے ثبوت وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے ساتھ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہونا یہ چاہیے کہ ریاست اور اس کے ادارے لاپتہ افراد کے مسئلے کو سنجیدہ لے کر ان کو حل کرنے کی کوشش کریں لیکن حکومتی اداروں کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرنے کے بجائے ان کو جعلی مقابلے میں قتل کرکے ان کی لاشیں پھینکی جاتی ہیں۔ اجلاس کے آخر میں مشترکہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے لاپتہ افراد کو قتل کرکے لاشیں پھینکنے کیخلاف 21 جولائی کو 12 بجے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ لہٰذا تمام طبقہ فکر سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں