شہباز شریف شرافت دکھا رہے ہیں، عمران خان کو جیل میں ڈالا جائے، مولانا فضل الرحمن
بنوں (انتخاب نیوز) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ شہبازشریف غیر ضروری شرافت دکھا رہے ہیں، عمران خان کو گرفتار کرکے جیل میں ڈالا جائے،عمران خان اپنی حدود میں رہیں، ہم زمین اتنی گرم کر دیں گے کہ یوتھیے پاو¿ں نہیں رکھ سکیں گے ،عمران نیازی کی اقتدار میں آنے کی خواہش پوری نہیں ہونے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں جے یو آئی کے علما کی ٹارگٹ کلنگ ہورہی ہے، ہمیں بتایا جائے قاتل کون ہے، ورنہ قتل کی ذمہ داری ریاستی ادارے قبول کریں، دینی مدارس پر اداروں کا قبضہ ہے، مدارس کو دہشت گردی کا مرکز کہا جارہا ہے، اور پھر مدارس کے علما سے تعاون بھی لیا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ پریشان کن صورتحال ہے، ادارے ملک کو مذاق نہ بنائیں اور اس میں اپنی سیاست نہ کریں، کیا ریاست چاہتی ہے کہ ہمارے نوجوان جذبات میں آکر بندوق اٹھالیں، علما ساتھ نہ کھڑے ہوتے تو فوج ملک کو نہیں بچاسکتی تھی، اس کے باوجود ہمیں سزا دی جارہی ہے۔فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اردگرد پاگل اور بے وقوف جمع ہیں جو ایک احمق کے پیچھے دوڑ رہے ہیں، جس کیخلاف جہاد ہونا چاہیے وہ کہتا ہے ہم جہاد کررہے ہیں، ہم آپ کےلیے زمین اتنی گرم کردیں گے کہ یوتھیو کے گرم تلوے اس پر نہیں رکھے جاسکیں گے، تمہاری چھوٹی چھوٹی تتلیوں کے پر اس گرمی کو گرداشت نہیں کرسکیں گے، عمران خان تم حد میں رہو۔ ابھی جمعیت والے زندہ ہیں، شہری عمران خان کا ساتھ نہ دیں بلکہ میدان میں آکر ملک کی وفادار قوتوں کا ساتھ دیں۔


