تین ججوں کی جانب سے دیا گیا فیصلہ جانبدارانہ تصور ہوگا، فضل الرحمن

اسلام آباد (انتخاب نیوز) جمعیت علماءاسلام کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے نہایت سنجیدگی کے ساتھ ملک میں عدل و انصاف کی بالادستی کےلئے استدعاکی تھی کہ 3جج نہیں فل کورٹ سنے، فل کورٹ نہ بنایاگیا تو ہم بھی عدلیہ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ اس بنچ کا دیا جانے والا فیصلہ ایک جانبدارانہ فیصلہ تصور کیا جائے گا۔ تین ججوں کے ماضی میں فیصلوں کی وجہ سے ان کے ذہنی میلان کا اندازہ لگ رہا تھا۔ حکومت چاہتی ہے کہ اس میں کوئی ادارہ مداخلت نہ کرے، ایسی کوئی مداخلت جو حکومتی عمل اور سرکار کے عمل کو متاثر کرے، اس سے ہر کوئی اجتناب کرے، ورنہ ہم حکومت، وزیراعظم، پارلیمنٹ کو یہ تجویز دیں گے کہ اس حوالے سے بھی اصلاحات پر مبنی از سر نو قانون سازی کی جائے۔ ایسی قانون سازی جس میں قوم، عدلیہ اور ان کے فیصلوں پر اعتماد کرسکے اور ان کے فیصلے ملک کے سیاسی و معاشی استحکام کا ذریعہ اور عوام کے اطمینان کا سبب بنیں، اب ہم اس طرف متوجہ ہیں، آنے والے وقتوں میں اصلاحات کی منزل بھی حاصل کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں