کوئٹہ اور کراچی کے درمیان 3رابطہ پل ٹوٹ گئے، 48 گھنٹوں سے ٹریفک معطل
کوئٹہ (انتخاب نیوز) شدید بارشوں سے کوئٹہ اور کراچی کے درمیان 3رابطہ پلوں سمیت ہائی وے کے کچھ حصے بہہ جانے کے باعث معطل ہونے والی ٹریفک 48گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی بحال نہ ہو سکی۔حب ریور کے مرکزی پل کا بڑا حصہ گزشتہ رات آنے والے سیلاب کے باعث منہدم ہو گیا، لسبیلہ انتظامیہ کے سینئر عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ کوئٹہ ۔ کراچی ہائی وے کم از کم 5مقامات سے بہہ گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ ہنگول کے علاقے میں کوسٹل ہائی وے کا تقریبا 5کلومیٹر کا حصہ پانی میں ڈوب گیا ہے۔مون سون بارشوں کے دوران بلوچستان میں خواتین اور بچوں سمیت 104افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔دوسری جانب لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی)نے حب ریور پر بننے والا پل سیلاب سے بہہ جانے کے بعد حکومت سے نیا پل بنانے کی اپیل کی ہے۔لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاور کمپنیوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ حب میں بجلی بحال کریں۔


