پولیس مقابلہ، 2 ملزمان ہلاک، شہری کو زخمی کرنیوالے رہزنوں کو لوگوں نے دبوچ لیا، درگت کے بعد پولیس کے حوالے
کراچی (انتخاب نیوز) سرسیدٹائون میں پولیس مقابلے کے دوران دوملزمان مارے گئے، سچل میں ڈکیتی کے دوران نوجوان کو زخمی کرنے والے دو رہزنوں کو شہریوں نے پکڑ کر شدید زدوکوب کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔ واقعات کے مطابق سرسید ٹائون کے علاقے نارتھ کراچی U.P موڑ ڈھاکہ سوئیٹس کے قریب پولیس کی فائرنگ سے دو ملزمان ہلاک ہوگئے جن کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئیں جہاں ملزمان کی شناخت 45سالہ رفیق ولد بشیر اور 40سالہ ناصر ولد محمد حسین کے ناموں سے ہوئی۔پولیس کے مطابق مشکوک موٹرسائیکل سوار ملزمان کو پولیس نے روکنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی اور جوابی فائرنگ کے دوران مارے گئے،پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے دو موٹرسائیکلیں اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ قبل ازیں سچل کے علاقے صفورا گوٹھ میں انڈس اسکول کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کرکے 26سالہ عبدالجبار ولد عبدالسمیع کو زخمی کردیا، موقع پر موجود افراد نے دو ملزمان اللہ رکھیو ولد خدا بخش اور ظفر ولد پریل کو پکڑ کر شدید زدوکوب کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا، پولیس نے ملزمان سے دو پستول، چھینا گیا موبائل فون برآمد کرلیا، زخمی شخص اور ملزمان کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔


