بلوچستان حکومت سیلاب متاثرین کیلئے 100 ارب روپے کی گرانٹ دے، ظہور بلیدی
تربت (انتخاب نیوز) رکن صوبائی اسمبلی، سابق صوبائی وزیرخزانہ میر ظہور احمدبلیدی نے کہاہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے وسیع تر اثرات سے نمٹنے اور متاثرین کے نقصانات کے ازالہ کے لیے 100 ارب روپے کی گرانٹ دے، بدقسمتی سے بلوچستان کی سیاست پی ایس ڈی پی کے گرد گھومتی ہے، گیشکور ڈیم کی فزیبلٹی بن چکی ہے اس کی مخالفت کرنے والے عوام کے خیرخواہ نہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوارکے روز تربت پریس کلب کے پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر درمحمدبلوچ، سیدمجید شاہ ایڈووکیٹ، کہدہ حاصل بلوچ، مہر اللہ گچکی ایڈووکیٹ، سردار رحیم بخش، عزیز دادالرحمن، چیئرمین درمحمد، حامد جوش، احمدجان، چنگیز خان بلوچ، خان محمد ودیگر بھی موجودتھے۔ میر ظہور بلیدی نے کہاکہ بارشوں اور سیلابوں نے بلوچستان کے تمام اضلاع کو متاثرکیا ہے تاہم چند علاقے بے انتہامتاثرہوئے، صوبائی حکومت کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ اتنے وسیع پیمانے پر عوام کوپہنچنے والے نقصانات اور انفرااسٹرکچر کی بحالی ممکن بناسکے اس لئے وفاقی حکومت اس سلسلے میں بلوچستان حکومت کے ساتھ بھرپورتعاون کرتے ہوئے 100ارب روپے کے گرانٹ کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہاکہ کیچ میں 40 سے 50 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے منظورہوئے ہیں جن میں 11ارب روپے تربت مند روڈ، 15ارب روپے ہوشاپ آواران روڈ، 12ارب روپے گیشکور ڈیم سمیت تربت بلیدہ روڈ، بلیدہ سٹی پروجیکٹ، بلیدہ پنجگورکراس روڈ، تربت سٹی پروجیکٹ فیزIIودیگر منصوبے شامل ہیں ان منصوبوں کی تکمیل سے علاقہ ترقی کی راہ پرگامزن ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ گیشکور ڈیم کی فزیبلٹی رپورٹ مستند فرم کے ذریعے بنائی گئی ہے، گیشکور ڈیم تربت شہر ومضافاتی علاقوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر مستقبل کی پانی کی ضروریات کومدنظر رکھ کر ڈیزائن کی گئی ہے اگریہ ڈیم نہ بنے تو آئندہ چند سالوں میں تربت کوئٹہ جیسا ہوجائے گا جہاں پانی 1000 سے 1200 فٹ زیرزمین چلاگیاہے، گیشکور ڈیم کاکمانڈ ایریا سامی سے کیساک تک ہے جبکہ اس ڈیم سے ملازمتوں کے مواقع بھی میسرآئیں گے اورمستقبل میں سامی سے کیساک تک کے علاقوں کی خوشحالی کا ضامن ہے اس ڈیم کی مخالفت کرنے والوں کے سیاسی عزائم ہیں یا پھر وہ ترقی نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں ایک ٹیکنیکل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جن کے خدشات ہیں وہ کمیٹی کوپیش کریں، انہوں نے کہاکہ تربت بلیدہ روڈ اب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے آئندہ2سے3مہینوں میں یہ روڈمکمل ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ بلدیاتی الیکشن میں بلیدہ سے 90 فیصد سیٹیں ہم نے لی ہیں یہ ہماری کارکردگی پر عوام کے اعتمادکامظہرہے انہوں نے کہاکہ میں نے عوام اور حلقہ کے مفاد میں حکومت کے ساتھ اپنے اختلافات ختم کردئیے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ایری گیشن کے مطابق تھل سر ڈیم گنجائش سے زیادہ پانی کا ریلا آنے کی وجہ سے ٹوٹ گئی ہے۔


