ریلیف میں مصروف ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا، آئی ایس پی آر

راولپنڈی (انتخاب نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ حادثے کا شکار بدقسمت ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسیٰ گوٹھ وندر لسبیلہ سے ملا، ہیلی کاپٹر کے حادثے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت افسران جاں بحق ہوگئے ہیں۔ میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں میں میجر جنرل امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔ راولاکوٹ سے تعلق رکھنے والے ڈی جی کوسٹ گارڈ میجرجنرل امجد حنیف شہید کے سوگواران میں اہلیہ، بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے کمانڈر انجینئر 12 کور بریگیڈیئر محمد خالد کے سوگواران میں اہلیہ، تین بیٹیاں اور تین بیٹے جبکہ لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے پائلٹ میجر سعید احمد کے سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ پائلٹ میجر محمد طلحہ منان کے سوگواران میں اہلیہ اور دو بیٹے شامل ہیں جبکہ چیف نائیک مدثر فیاض کا تعلق نارووال سے ہے۔ خیال رہے ہیلی کاپٹر لسبیلہ میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں پر تھا اور فلڈ ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کی جارہی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں