بیٹوں کے قتل میں ملوث اہلکاروں کو پھانسی دی جائے، متاثرہ باپ کا مطالبہ

خاران (نامہ نگار) گزشتہ رات خاران شہر میں سیاسی و قبائلی رہنما حاجی ثناء اللہ شاہوانی کے گھر میں سی ٹی ڈی کے چھاپے کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ثناء اللہ شاہوانی کے دو نوجوان بیٹے عامر شاہوانی و عمران شاہوانی کے بیدردی سے قتل کیخلاف لاشوں کی موجودگی میں ثناء اللہ شاہوانی کے خاندان کی خواتین کے ہمراہ اپنی رہشگاہ میں پریس کانفرنس۔ پریس کانفرنس سے حاجی ثناء اللہ شاہوانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یکم اگست کی رات دو بجے کے قریب سیکورٹی فورسز نے چادر و چاردیواری کو پامال کرتے ہوئے گھر میں گھس کر خواتین پر تشدد کرکے تین بیٹوں عامر، عمران اور عرفان کو شدید تشدد کا نشانہ بناکر اغواء کرنے کی کوشش کی، خواتین و بچوں کی مزاحمت پر شدید فائرنگ کرکے میرے دو جوان سال بیٹے عامر اور عمران کو زخمی حالات میں اور عرفان کو بھی تشدد کا نشانہ بناکر اپنے ساتھ لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ہی دن میرے دونوں بیٹوں کی لاشوں کو لاوارثوں کی طرح سڑک پر پھینک دیا گیا جو کوئٹہ سول ہسپتال میں لائی گئیں۔انہوں نے حکومت اور مقتدر حلقوں سے مطالبہ کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں دونوں لاشوں کی تدفین آبائی قبرستان میں کردی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں