ٹیکسوں میں ظالمانہ اضافہ، غیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کیا جائے، ٹرانسپورٹ یونینز
کوئٹہ (انتخاب نیوز) آل پاکستان بس یونین اوردیگر ٹرانسپورٹ یونینز نے احتجاجاً قومی شاہراہیں بندکردیں۔ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ لکپاس، کوئٹہ چمن، لورالائی، ژوب روڈ کو طور ناصرکے مقام پر ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا۔ قومی شاہراہیں ٹریفک کیلئے بند ہونے کی وجہ سے چھوٹی اوربڑی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ آل پاکستان بس یونین کا مطالبہ ہے کہ ٹرانسپورٹروں پر ناجائزانکم ٹیکس، ویلیو انکم ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں میں ظالمانہ اضافہ فوری واپس لیا جائے۔ اس حوالے سے آل پاکستان بس یونین کے چیئرمین عتیق خان کاکڑنے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غیرقانونی طور پر چلنے والی المروت اور ملا بہار کمپنی پر فوری طور پر پابندی لگائی جائے۔ بلوچستان سمیت ملک بھر میں ناجائز ٹول پلازے فوری طور پر ختم کئے جائیں اور آئے روز ٹول ٹیکس میں اضافے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ کوئٹہ تفتان روڈ، کوئٹہ، گوادر، پنجگور روڈ، سندھ بلوچستان روٹس، کوئٹہ لورالائی، کوئٹہ ژوب مانی خواہ، کوئٹہ چمن روڈ پر کسٹم، ایکسائز اور دیگر اداروں کی غیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کیا جائے۔


