چور کو پکڑنے اور موٹر سائیکل چوری کی کوشش ناکام بنانے والا کم عمر احمد سوشل میڈیا پر وائرل
گجرات(انتخاب نیوز) گجرات میں آٹھویں جماعت کے طالب علم کی چور کو پکڑنے اور موٹر سائیکل چوری کی کوشش ناکام بنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ان دنوں بہت وائرل ہو رہی ہے۔ احمد کا تعلق گجرات سے ہے، احمد نے ایسا کارنامہ انجام دیا جو کوئی بڑا پہلوان یہاں تک کہ پولیس والے بھی سر انجام نہ دے سکے اب اس بچے سے ملنے کے لیے اس کے علاقے کے لوگ جوق در جوق اس کے پاس جا رہے ہیں۔ گجرات میں موٹر سائیکلوں کی چوری بہت زیادہ عام ہے وہاں دن دھاڑے لوگ چور چوری کر کے چلے جاتے ہیں، لیکن کوئی پکڑنے والا ہی نہیں ہوتا۔ اپنے دیئے گئے ایک انٹرویو میں احمد کا کہنا تھا کہ میں جب واپس آیا ٹیوشن سے تو چور چور کا شور سنا اور پھر وہیں ٹہر گیا، میں نے انتظار کیا اور جیسے ہی چور اپنی موٹر سائیکل لے کر آیا میں نے اپنی سائیکل سے اس کی بائیک میں ٹکر ماردی اور یوں وہ بھاگنے لگا تو ہم نے اسے پکڑ لیا۔ احمد نے بتایا کہ مجھے بالکل ڈر نہیں لگا، جبکہ بڑے بڑے پہلوان کھڑے تھے مگر پھر بھی کسی نے ہمت نہ کی، اب میں خوش ہوں کہ میں نے کم سے کم چور کو پکڑ لیا۔ واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے اس بہادر بچے کو 10 ہزار روپے کا انعام دیا گیا ہے۔


