شدت پسندی عالمی خطرہ ہے، نمٹنے کیلئے مربوط ردعمل کی ضرورت ہے، آرمی چیف
راولپنڈی (انتخاب نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ شدت پسندی ایک عالمی خطرہ ہے جو خطے کو غیر مستحکم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے،ا س سے نمٹنے کیلئے مربوط ردعمل کی ضرورت ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے عراقی بحریہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل احمد جاسم معارج عبداللہ الزاید نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان عراق کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور شدت پسندی کے خلاف جنگ میں عراقی قوم کی قربانیوں کا اعتراف کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شدت پسندی ایک عالمی خطرہ ہے جو خطے کو غیر مستحکم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس کے لیے اچھی طرح سے مربوط جواب کی ضرورت ہے۔ عراقی بحریہ کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کا اعتراف کیا اور بلوچستان میں ہیلی حادثے کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں افواج کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے کا بھی عہد کیا۔


