کراچی میں بارش کے بعد کی صور تحال اور متاثرہ لوگوں کی تکلیف کا احساس ہے،مراد علی شاہ
کراچی(انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں بارش کے بعد کی صورت حال اور متاثرہ لوگوں کی تکلیف کا احساس ہے۔ہفتہ کی صبح قائد آباد پر ملیر ندی کا معائنہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ آب پاشی کو ہدایت کی کہ پہاڑوں سے اگر کوئی ریلا آئے تو انتظامیہ آگاہ کریں۔ اس موقع پر حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ ملیر ندی پر پانی کا بہاﺅ ٹھیک چل رہا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بارشوں کی صورتحال پر بریف کیا۔دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بارش کے بعد برساتی نالوں پرکراسنگ کے لئے مشکلات ہیں،برجز کا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کی تکلیف کا احساس ہے، بارش کے نقصانات اور لوگوں کے مسائل دیکھ کر ان کے حل پر کام کریں گے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں خود انتظامیہ کے ساتھ نکلا ہوں، متاثرہ علاقوں کے دورے پر جائزہ لیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 3 روز میں کراچی سے لے کر کشمور تک بارش ہوئی ہے اور لوگ تکلیف میں آئے ہیں۔ اس سے پہلے ایسی بارشیں 2020 میں ہوئی تھیں۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ لوگوں کے مسائل حل کریں۔ حکومت، وزرا اور انتظامیہ گراﺅنڈ پر موجود ہیں۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبے میں بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران گھارو پہنچنے جہاں انہوں نے انتظامیہ کو متاثرین کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔


