جنازے اٹھا اٹھا کر تھک چکے، خوست واقعے کے کرداروں کو بے نقاب کیا جائے، پشتون قوم پرست
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتون قوم پرست سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ہمیں دیوار سے مزید نہ لگایا جائے، جنازے اٹھا اٹھا کر تھک چکے، سانحہ خوست کے واقعے میں ملوث کرداروں کو بے نقاب، واقعے کی جوڈیشل انکوائری، ضلع میں سول انتظامیہ کی عملداری، خالق داد بابر کو سر کاری طور پر شہید ڈکلیئر کرنے، زخمیوں کی فوری علاج معالجے اور معاوضے جیسے بر حق مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں جو کسی بھی شہری کی بنیادی حق اور آئین میں اس کی گنجائش ہے، بصورت دیگر راست اقدام پر مجبور ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی ڈپٹی چیئرمین رحیم زیارتوال، پشتون تحفظ موومنٹ کے صوبائی کوآرڈینیٹر نور باچا، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی جنرل سیکرٹری مزمل شاہ، ملک مجید کاکڑ، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، احمد جان، نذر علی پیر علی زئی، شیر اسلام، رحمت ایڈووکیٹ، سیما افغان، رحمت غرشین، آغا مشال اور دیگر نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے خالق داد بابر اورسانحہ خوست کیخلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران کیا۔ مقررین نے کہا کہ ریاست کو اس بات پر غور کرنا ہوگا کہ کوئٹہ سے لیکر ہرنائی، وزیرستان، باجوڑ، مہمند، سوات، خیبر تک پشتون اولس سراپا احتجاج ہیں اور اپنے سر کی امان مانگ رہے ہیں، ہمیں دیوار سے نہ لگایا جائے، وقت آن پہنچا ہے کہ پشتون قوم دوست، وطن دوست جمہوری قوتیں تمام تر اختلاف رائے کو بھلا کر پشتون قومی بقا کی خاطر یک زبان ہوکر شروع دن سے روا رکھے گئے معاندانہ طرز عمل کیخلاف آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہرنائی واقعہ اچانک نہیں ہوا ہے ہرنائی میں قدرت کی جانب سے عطا کردہ معدنیات کو قبضہ کرنے کیلئے وہاں پر بے امنی پھیلائی جارہی ہے تاکہ لوگ خوفزدہ ہوکر وہاں سے نقل مکانی کریں لیکن ہم بتانا چاہتے ہیں کہ یہ ہمارے آباؤ اجداد کا مسکن ہے اس کو کسی صورت دوسروں کے زیردست گروی نہیں رکھ سکیں گے، ہم نے پہلے بھی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی اس سے گریز نہیں کریں گے۔ مقررین نے کھوسٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے اعلان کیے گئے تمام مطالبات کی حمایت کا اعادہ کیا۔ علاہ ازیں دھرناکمیٹی کی اپیل پر بدھ کے روز زیارت کراس پر دھرنا دیا جائیگا جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے کارکن اور ذمہ داران شرکت کرینگے۔


