بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، مزید 4 اموات، تعداد 241 ہوگئی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق 61ہزار سے زائد مکانات متاثر جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 241ہوگئی ۔ محکمہ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو کوئٹہ میں دو اور زیارت ،مستونگ میں ایک ایک اموات کی تصدیق ہونے کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 241جبکہ مزید 2افراد کے زخمی ہونے کے بعد زخمیوں کی تعداد 108ہوگئی ۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں مجموعی پر متاثرہ مکانات کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کے بعد تصدیق شدھ متاثرہ مکانات کی تعداد 61ہزار 448ہوگئی ہے جن میں سے 17ہزار 528مکمل جبکہ 43ہزار 960جزوی طور پر متاثر ہیں ۔رپورٹ کے مطابق صوبے میں 1ہزار کلو میٹر سڑکیں اور 18پل بھی متاثر ہوئے ہیں ۔رپورٹ کے مطابق کوئٹہ تا کراچی، ژوب تا ڈیرہ اسماعیل خان، بارکھان تا فورٹ منرو ، کوئٹہ تا جیکب آباد قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی معطل رہی جبکہ کوئٹہ میں 1500افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ۔زیارت میں ماچھی اور کواس ڈیم بھی ٹوٹنے کی اطلاعات ہیں ۔


